سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈرائیور دیت کی رقم ادا کرنے کیلئے گردہ بیچنے پر مجبور‘ ویڈیو کلپ جاری
طائف (ممتاز احمد بڈانی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈرائیور دیت کی رقم ادا نہ کرسکنے پرگردہ فروخت کرنے پر مجبور ہوگیا۔ رستم خان نے دیت ادا کرنے کیلئے اپنا گردہ بیچنے کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرائیور رستم خان سے ٹریفک حادثہ میں غلطی سے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی جس پر رستم خان کے خلاف دیت کا فیصلہ دیا گیا۔ رستم خان نے اپنے ویڈیوکلپ میں کہا کہ وہ یہاں ڈرائیور ہے اور اسکی تنخواہ 1500 ریال ہے وہ اس سے دیت کی رقم ادا نہیں کر سکتا‘ دیت ادا کرنے میں 15 دن باقی رہ گئے ہیں اسی لئے میں اب اپنا گردہ بیچنے پر مجبور ہوں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی سفیر اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے انکی مدد کی اپیل کی ہے۔