مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی قافلے پر حملہ، 2 ہلاک : ایمنسٹی ، ریڈ کراس کشمیری قیدیوں پر حملے کی انکوائری کرائیں، حریت کانفرنس

 مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی قافلے پر حملہ، 2 ہلاک : ایمنسٹی ، ریڈ کراس کشمیری قیدیوں پر حملے کی انکوائری کرائیں، حریت کانفرنس

سرینگر (آن لائن+کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپوں میں 2 فوجی ہلاک ایک شہری اور 3اہلکار زخمی ہو گئے ۔ ضلع بارہ مولا کے علاقے ٹنگمرگ میں فوج نے سرچ آپریشن شروع کیا تو مجاہدین نے فوجی قافلے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد جھڑپ ہو گئی ، جھڑپوں کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور مجاہدین کو گرفتار کرنے کے لئے سرچ آپریشن بھی بڑھا دیا ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں پر حملہ کرکے فاروق احمد، محمد شفیع اور وسیم احمد کئی قیدیوں کو زخمی کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈکراس کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیدیوں کو حراستی تشدد کا نشانہ بنانے کے اس واقعے کی تحقیقات کرائیں اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ حریت نے بھارت کی مختلف جیلوں میں مقید کشمیری نظربندوں کو فوری طور پر ریاست کی جیلوں میں منتقل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کشمیری قیدیوں کو بھارت کی جیلوں اور خاص کر تہاڑ جیل میں حراستی تشدد کا نشانہ بنانا ایک معمول بن گیا ہے اور ریاستی انتظامیہ اس سنگین معاملے کے سلسلے میں ہمیشہ مجرمانہ غفلت سے کام لے رہی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں حملوں میں 11پنچایتی نمائندوں کے مارے جانے اور ان کی دھمکیوں سے 148سرپنچوں کے مستعفی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ انہیں سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان کا الزام مجاہدین پر لگا دیا، انہوں نے کہاکہ سرپنچوں وپنچوں کے جانی ومالی تحفظ کو یقینی بنانے حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔۔وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہاکہ سبھی پنچایتی ممبران کو سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں البتہ جہاں جہاں ضرورت محسوس کی جائے گی وہاں پنچایتی ممبران کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کا جائزہ لیاجائے گا۔ مختلف ایجنسیوں کے درمیان آپسی تال میل بنائے رکھنا ہماری کوشش ہوگی۔ مرنے والے سرپنچوں وپنچوں کی تعداد سے متعلق بی جے پی رکن اسمبلی ست شرما کی طرف سے پوچھے گئے کے جواب میں وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے بتایاکہ اب تک 10سرپنچ اور ایک پنچ ماراگیا ہے جبکہ 3سرپنچ اور 2 پنچ زخمی ہوئے ہیں۔