مصر 5 چیک پوسٹوں پر راکٹ حملے، فائرنگ ، شدید جھڑپیں، 15 اہلکاروں سمیت 32 ہلاک

اسماعیلیہ+ قاہرہ (رائٹرز+ اے ایف پی) مصر میں مسلح افراد کے 5 مختلف چیک پوسٹوں پر راکٹ فائرنگ اور گرینڈ حملوں کے نتیجہ میں 15 سکیورٹی اہلکار اور 2 سویلین ہلاک ہو گئے جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور بھی مارے گئے۔ وقوعہ کے بعد فورسز نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا۔ اے ایف پی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مصری فورسز کی چیک پوسٹوں پر صوبے سینائی میں حملے کئے گئے جہاں فوج داعش سے تعلق رکھنے والے مقامی جنگجو گروپ سے لڑائی کر رہی ہے۔ مصری پولیس حکام کے مطابق شیخ زاوید کے علاقہ میں خود کار ہتھیاروں سے لیس نامعلوم افراد نے مختلف چیک پوسٹوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کر دی۔ اس دوران گرینڈ بھی پھینکے گئے۔ حملہ میں 15 فوجی اور 2 سویلین ہلاک ہو گئے۔ رائٹرز کے مطابق آخری اطلاعات تک واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم ماضی میں ایسی کارروائیاں مقامی جنگجو گروپ کرتا رہا ہے۔