غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے: نائب صدر عالمی بینک

غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے: نائب صدر عالمی بینک

اسلام آباد (آئی این پی) عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رینے ڈکسن نے کہا ہے کہ عالمی بینک غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، موجودہ حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کی کوششیں لائق تحسین اور عالمی بینک کی مالی معاونت سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار قابل اطمینان ہے، عالمی بینک کے صدر سری ملیانی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے خواہشمند ہیں، پاکستان کو جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکس کی شرح بڑھانے کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار نے آئی ڈی پیز کی واپسی کیلئے عالمی بینک کی جانب سے 7.5کروڑ ڈالر کی فراہمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، کاسا 1000اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب ڈالر کی فراہمی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ گزشتہ روز عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رینے ڈکسن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان میں غربت کے خاتمے اور ترقی کیلئے عالمی بینک کے ویژن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے ائیرچیف امان سہیل نے ملاقات۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسزکی ہرممکن مددکی جائے گی۔ ائیرچیف نے وزیر خزانہ کو آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریف کیا، جس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اطمینان کا اظہار کیا۔