افغانستان پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کا خواہاں ہے : عبداﷲ عبداﷲ

افغانستان پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کا خواہاں ہے : عبداﷲ عبداﷲ

کابل (آن لائن) افغانستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے‘ افغانستان کی حکومت نے اس سلسلے میں کئی اقدامات اٹھائے ہیں‘ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ ہوا جائے‘ وہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ استقبالیے میں خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ نے افغانستان کے صدر اشرف غنی اور افغانی عوام کی طرف سے پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے اور حالات ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ ہم دہشت گردی کی اس لعنت کا خاتمہ کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات ا ٹھائیں‘ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پر امن اور گہرے تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر سید ابرار حسین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام قائم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پر امن و مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ تمام خطے کے مفاد میں ہے‘ پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے ‘ انہوں نے افغانستان کی تعمیر نو ترقی کی کوششوں میں پاکستان کے اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان کی معاشرتی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ استقبالیے میں افغان وزراء ‘ پارلیمنٹرینز ‘ سینیئر حکومتی عہدیداروں ‘ سیاسی وفد بھی رہنمائوں سمیت نامور شخصیات نے شرکت کی۔ افغانستان نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کو کسی قسم کا سیکیورٹی خطرہ لاحق ہوا تو اسے بھرپور معاونت فراہم کریں گے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان اور سعودی عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور مذہبی تعلقات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کو کسی قسم کا سیکیورٹی خدشہ لاحق ہونے کی صورت میں ہم سعودی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ۔