پاکستان امریکہ سٹریٹجک مذاکرات آج ہونگے، سول جوہری تعاون ہمارا بھی حق ہے: سیکرٹری خارجہ

پاکستان امریکہ سٹریٹجک مذاکرات آج ہونگے، سول جوہری تعاون ہمارا بھی حق ہے: سیکرٹری خارجہ

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور امریکہ کے درمیان نیوکلیئر سکیورٹی، سٹریٹجک استحکام اور ایٹمی عدم پھیلائو پر مبنی سٹریٹجک مذاکرات کا نیا دور آج ہو گا۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چودھری نے ان مذاکرات کی اہمیت کے بارے میں بتایا ہے جن کا مقصد دونوں ممالک میں تعاون کو مستحکم کرنا ہے۔ اعلی پاکستانی سفارتکار نے دی نیشن کو بتایا کہ یہ بہت اہم اور ہمہ جہتی تعلقات ہیں مذاکرات کے ساتویں دور کے علاوہ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد امریکی محکمہ خارجہ، خزانہ اور دیگر شعبوں کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوششیں ہونگی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائوں۔ خارجہ سیکرٹری پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ ان مذاکرات میں وزارت خارجہ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے اہلکار بھی شامل ہونگے۔ امریکی وفد کی قیادت انٹرنیشنل سکیورٹی، آرمز کنٹرول کے بارے میں نائب وزیر شامل ہونگی۔ دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے سول جوہری تعاون بھارت کی طرح پاکستان کا بھی حق ہے۔ پاکستان میں توانائی کی ضروریات زیادہ ہیں۔ پاکستان کی پاور جنریشن آئی اے ای اے کے تحت عالمی معیار کے مطابق ہے۔ ہم نے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کیلئے تسلی بخش انتظامات کئے ہیں۔ کوئی دہشت گرد ایٹمی تنصیبات کے قریب آنے کا بھی سوچ نہیں سکتا۔