دہشتگرد امریکہ کو نشانہ بنانے کیلئے موقع کی تاک میں ہیں: سی آئی اے چیف کا انتباہ

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکہ کے خفیہ ادارے ’’سی آئی اے‘‘ کے سربراہ جان برینن نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی دہشت گردوں نے امریکہ کے سکیورٹی کے نظام پرنظر رکھی ہوئی ہے اور وہ امریکہ کو نشانہ بنانے کے لیے موقع کی تاک میں ہیں۔ گزشتہ روزامریکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جان برینن نے امریکی سینٹ پر زور دیاکہ وہ امریکی سکیورٹی سے متعلق ضروری قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر منتظر ہیں کہ امریکہ انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنے قوانین اور پالیسیوں کو نرم کرے تاکہ انہیں اپنی کارروائیاں کرنے کا موقع مل سکے۔ سی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں دہشت گردی اور تشدد کے ہولناک واقعات پیش آرہے ہیں امریکہ اس بارے میں کسی لاپرواہی یا کوتاہی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔