پاکستان کی نئی نسل سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا مقام بنائے: امریکی سفیر

واشنگٹن (ثناء نیوز) اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی کے لیے امریکی سفیر ارشاد حسین کا کہناہے کہ ہماری یہ خواہش ہے کہ پاکستان کے ذہین، اہل اور ہنر مند نوجوانوں کو آگے بڑھنے، ترقی کرنے اور اپنی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے مواقع حاصل ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی انٹرنیٹ کے شعبے میں آنے والی ترقی کے ثمرات سمیٹ سکیں۔ان کے بقول ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی نئی نسل سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا مقام بنائے۔ ارشاد حسین نے ان خیالات کا اظہار وائس آف امریکہ کے ساتھ اپنے انٹرویو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجود شکوک و شہبات اور اختلافات کی بنیادی وجہ اس ملک میں معیاری تعلیمی ذرائع تک رسائی کی کمی ہے اور جب میں تعلیم کی بات کرتا ہوں تو اس سے مراد یہ ہے کہ مذہی تعلیم اور جدید علوم وفنوں کی تعلیم ، دونوں کو ساتھ لے کر چلاجائے۔ ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ تعلیم کی کمی اور فقدان کے نتیجے میں جو خلاء پیدا ہوتا ہے انتہاپسند اور شدت پسند قوتیں اسے آکر بھر دیتی ہیں اور وہ لوگوں کو اپنے مخصوص ایجنڈے پر لے جانے کی کوشش کرتی ہیں جس سے خرابیاں اور بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔