پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات رواں ماہ کے وسط میں ہونیکا امکان

سرینگر (کے پی آئی) بھارت اور پاکستان کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان  جون کے وسط میں مذاکرات ہونے کا امکان ہے۔ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے لئے سٹیج  تیار کرنے کی غرض سے نئی دہلی اور اسلام آباد میں غیر معمولی صلاح مشوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کیا گیا  جہاں وہ پاکستانی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔پاکستان کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان تسنیم اسلم نے اس بات کی تصدیق  کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری خارجہ ملاقات کے لیے ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے۔ ادھر نئی دہلی میں بھی وزارت خارجہ کے حکام سیکرٹری سطح کے مذاکرات کے لیے طریقہ کار کی تیاریوں میں لگ گئے ہیں۔ اگلے چند دنوں میں بھارت اور پاکستان کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات ہونگے جس کے لیے نئی دہلی اور اسلام آباد میں  تیاریاں جاری ہیں۔