انتخابی نظام ٹھیک نہ ہوا تو اگلا الیکشن نہیں ہونے دیں گے، دھاندلی کے خلاف آخری حد تک جائیں گے: عمران خان

 لندن (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین  عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی نظام ٹھیک نہ ہوا تو اگلا الیکشن نہیں ہونے دیں گے ، انتخابی دھاندلی بے نقاب کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے ، اب سونامی نہیں رکے گا، ق لیگ اور عوامی تحریک کے دس نکات پر ابھی مشاورت نہیں کی، تحریک انصاف کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، حکومت چار حلقے کھولنے میں نہ جانے کیوں ڈر رہی ہے، اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ سٹے آرڈرز پر پانچ سال گزار کر چلے جائیں گے تو یہ اْن کی بھول ہے،سیالکوٹ کے تاریخی جلسے میں حکومت کو ٹائم فریم دیں گے۔ نجی ٹی وی  کو  انٹرویو میں  عمران خان نے کہا کہ  الیکشن سسٹم میں بہتری کیلئے چلائی جانے والی تحریک میں شامل ہونے کیلئے سب کو دعوت دیں گے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کہ ملک کو فیملی لمیٹڈ کمپنیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری جہاں جاتے ہیں اپنے بیٹوں کو ساتھ لے جاتے ہیں۔