امریکہ نے تھائی لینڈ سے دیرینہ عسکری تعلقات معطل کر دیئے

سنگاپور (ثناء نیوز) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے سلامتی کے موضوع پر سنگاپور میں منعقدہ کانفرنس میں کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت کے تناظر میں تھائی لینڈ کے ساتھ مدتوں سے چلے آ رہے عسکری تعلقات بھی معطل کر دیئے گئے ہیں۔ ادھر آسٹریلوی وزیر خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ بنکاک کے ساتھ عسکری روابط میں کمی لائی جا رہی ہے۔چک ہیگل نے تھائی لینڈ کی فوجی حکومت پر زور دے کر کہا  کہ بائیس مئی کو ملک میں مارشل لا کے نفاذ کے بعد زیر حراست لیے جانے والے درجنوں افراد کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات سنگاپور میں ایشیئن سکیورٹی کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران کہی۔ امریکی وزیر دفاع نے تھائی فوجی رہنمائوں پر زور دیا کہ تھائی لینڈ میں آزادی رائے کے خلاف لاگو پابندیوں کو بھی ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے انتخابی عمل کے ذریعے ملک میں جمہوریت کی فوری بحالی پر زور دیا۔
امریکہ/تھائی لینڈ