القاعدہ کیخلاف کارروائی : امریکہ‘ فرانس اور الجزائر نے فوجی لیبیا بھیج دیئے

طرابلس (آن لائن) امریکہ ،فرانس اور الجزائر نے لیبیا کے جنوب میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے خصوصی دستے  بھیج دئیے ہیں۔برطانوی روزنامے ٹائمز نے  ان تینوں ممالک کے خصوصی دستوں کو لیبیا کی جانب روانہ کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔اس نے لندن میں قائم ایک تھنک ٹینک ہینری جیکسن سوسائٹی کے ڈائریکٹر اولیور گیٹا کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان خصوصی دستوں کا ہدف جنگجو تنظیم القاعدہ ہے اور اب مغربی ممالک لیبیا میں مداخلت کرنے کا رجحان رکھتے ہیں۔ ادھر جرمنی میں قائم امریکہ کی افریقی کمان کے ترجمان نے کہا کہ جنوبی لیبیا میں کوئی امریکی فوجی موجود نہیں ہے۔وائٹ ہاؤس کی ایک خاتون نے بھی اس دعوے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ہم جنوبی لیبیا میں حملے نہیں کررہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ طرابلس میں امریکی سفارت خانے کو تحفظ مہیا کرنے کیلئے قریباً ایک سو اسی میرینز بالکل چوکس حالت میں ہیں۔