یونس خان کی گڑھی خدابخش میں بھٹو کے مزار پر حاضری، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں

 گڑھی خدا بخش+ لاہور (آن لائن+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین یونس خان نے گڑھی خدابخش میں بھٹو کے مزار پر حاضری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں میں اختلافات کی کوئی اہمیت نہیں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔ ورلڈکپ میں بھارت سے میچ جیتیں گے اور تاریخ بدل دینگے ۔ یونس خان نے جمعرات کی شب گڑھی خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مزارات پر حاضری دی جہاں پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید ہمارے قومی ہیروز ہیں۔سانحہ پشاور پر قوم کے ساتھ قومی کرکٹرز بھی افسردہ ہیں‘ یہ قومی سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ان کا ذاتی معاملہ ہے میں جب تک فٹ ہوں کرکٹ کھیلوں گا اور ریٹائر نہیں ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں تاریخ بدلیں گے اوربھارت سے پہلا میچ جیتیں گے۔ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی سلیکشن ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر گھر میں برتن ہوں تو وہ ٹکراتے بھی ہیں۔ کھلاڑیوں میں اختلافات اہمیت کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور آئی سی سی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے اقدامات کریں بچوں میں کرکٹ کے رحجان کو فروغ دینا چاہئے۔
یونس خان