تیج پال6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

 نئی دہلی ( بی بی سی)  تحقیقاتی صحافت کے لیے معروف جریدے تہلکہ کے بانی مدیر ترون تیج پال کو عدالت نے جنسی زیادتی کے مقدمے میں چھ دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہے۔ سنیچر کو شمالی گوا سیشن کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد پولیس نے انھیں گرفتار کر کے گوا کی کرائم برانچ کے دفتر میں زیرِ حراست رکھا۔ ترون تیج پال ان پر لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے اور متعلقہ خاتون کے درمیان تعلق باہمی رضا مندی پر مبنی تھا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ بھارت میں خواتین کو ان کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین اور آجروں کے ہاتھوں جنسی طور پر ہراساں ہونے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔