انٹیلی جنس کے شعبے میں ترکی اور ایران ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں: ایرانی سفیر

انقرہ(آن لائن)ترکی میں متعین ایرانی سفیر نے اعتراف کیا ہے کہ تہران اور انقرہ کے درمیان انٹیلی جنس کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ مستحکم ہوتے جا رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انقرہ میں تہران کے سفیر علی رضا بکدیلی نے کہا کہ ایران اور ترکی خطے کی دو اہم قوتیں ہیں جو نہ صرف تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہیں بلکہ ان کا علاقائی اثر و رسوخ بھی بڑھ رہا ہے۔ دونوں ملک ایک دوسرے سے انٹیلی جنس کے شعبے میں معلومات کا تبادلہ بھی کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ایرانی سفیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی میڈیا میں پہلے ہی اس نوعیت کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ چند ہفتے بیشترامریکی اخبار "واشنگٹن پوسٹ" نے دعویٰ کیا تھا کہ ترکی، ایران کو اسرائیلی کے مفادات کی خاطر جاسوسی کرنے والوں کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کر رہا ہے۔