عراق : پولیس ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملہ‘ مسجد کے باہر فائرنگ 9 اہلکار 3 نمازی جاں بحق

بغداد (آن لائن + نوائے وقت نیوز) عراقی دارالحکومت بغداد اور مغربی شہر فلوجہ میں مختلف علاقوں میں خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے پہلے واقعہ میں مغربی فلوجہ میں واقع ایک مسجد کے باہر اسوقت نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ کر دی جب نمازی مسجد سے باہر آ رہے تھے۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد اور دو نمازی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ادھر تکریت میں پولیس فورس کے صدر دفتر کے قریب خودکش حملے میں 9 اہلکار ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق تکریت میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک خودکش بمبار نے خود کو ایک ٹینکر ٹرک کے نزدیک آ کر اڑا دیا جس کے نتیجے میں زبردست تباہی ہوئی۔ مقامی سکیورٹی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ کل عراق کے 12 صوبوں میں صوبائی انتخابات ہو رہے ہیں۔ کل 18 صوبے ہیں اور وہاں پارلیمانی انتخابات کے تین سال بعد پہلی بار صوبائی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔