امریکی پابندیاں غیر مناسب ہیں ، مذاکرات متاثر ہوں گے : ایرانی صدر
تہران (آن لائن)ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے لگائی جانے والی نئی مالی پابندیوں کو دونوں ممالک کے درمیان جوہری پروگرام پر جاری مذاکرات کی روح کے منافی قرار دیا ہے اور کہا ہے اس سے مذاکرات متاثر ہوں گے۔امریکہ کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اب بھی جوہری پروگرام پر امریکہ اور دیگر پانچ عالمی طاقتوں سے بات چیت جاری رکھنے کا پابند ہے۔ ایرانی صدر کے مطابق نئی پابندیاں ایک بداخلاق اقدام ہے اور اس سے دونوں فریقوں کے درمیان عدم اعتماد مزید گہرا ہو گا۔ یہ میرے خیال میں مذاکرات کی روح کے منافی اور غیرتعمیری ہیں۔امریکہ نے جمعے کو ایران کی 25 کمپنیوں اور شخصیات پر مالی پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکی حکام کے مطابق پابندیاں ان شخصیات اور کمپنیوں پر لگائی گئی ہیں جو گذشتہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوہری پروگرام یا دہشت گردی کی مدد کر رہے تھے۔
ایرانی صدر