پاکستان امن خراب کرنیکی ہمت نہیں کریگا: بھارتی وزیر خارجہ کی بھڑک
بھوپال (نیوز ڈیسک) بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا ہے، اب پاکستان بارڈر پر امن خراب کرنے کی جلد کوشش نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور انٹرنیشنل بارڈر پر حالیہ واقعات کا پاکستان کو مناسب جوابدیا گیا ہے جو نئی قیادت کی جانب سے جرأتمندانہ اقدام ہے۔ راجناتھ سنگھ نے بی جے پی کے کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب شاید پاکستان جلد سیز فائر کی خلاف ورزی کی کوشش نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عزت کے بدلے میں امن کی ضرورت نہیں، پاکستانی فورسز نے فائرنگ اور شیلنگ کرکے پانچ افراد کو بارڈر پر ہلاک کر دیا تھا اور اس حوالے سے میں نے متعلقہ ڈائریکٹر جنرل سے پوچھا تو اس نے کہا کہ ہم نے پالیسی کے مطابق 16 بار سفید پرچم دکھایا میں نے کہا کہ اب 17 ویں بار سفید جھنڈا نہیں دکھایا جائیگا اور اس پالیسی کے تحت ہماری فوج بھرپور جواب دے رہی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اسی وجہ سے پاکستان نے اقوام متحدہ رابطہ کیا ہے اور فوراً ہم سے سیز فائر کے معاملے پر بات چیت کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک پالیسی کے تحت ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں مگر جب کوئی اس امن کو خراب کرنے کی کوشش کریگا تو برداشت نہیں کریں گے۔