فضائی حملے میں21 باغی ہلاک، داعش مخالف مہم سے شامی حکومت کو فائدہ ہوگا: امریکی وزیر دفاع
دمشق+واشنگٹن (آن لائن+این این آئی) شام میں امریکی فضائی حملے میں 21 داعش باغی ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے ایک بصر گروپ نے بتایا کہ امریکی فضائیہ نے آن العرب میں فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 21 باغی ہلاک ہو گئے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے خبردار کیا کہ داعش کے خلاف امریکی قیادت میں جاری عالمی مہم کا فائدہ شام کے صدر بشار الاسد کو پہنچ سکتا ہے۔ایک انٹرویومیں امریکی وزیردفاع چک ہیگل نے کہاکہ ہمارے اور اتحادیوں کے داعش کے خلاف اس طرح عراق میں جانے سے عراقیوں کو اپنی حکومت مستحکم کرنے کا موقع مل سکتا ہے، اسی طرح بشارالاسد کو بھی ہماری مہم کے کچھ فوائد ہو سکتے ہیں۔تاہم امریکی وزیر دفاع نے کہا امریکہ اس تناظر میں طویل المدتی حکمت عملی کے لئے کوشاں ہے۔ اس ممکنہ پالیسی میں بشارالاسد کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔واضح رہے امریکہ ماہ اگست سے عراق میں جبکہ ماہ ستمبر سے شام میں بھی داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں کی مہم شروع کئے ہوئے ہے۔ اس مہم میں اسے مغربی ممالک کے علاوہ مشرق وسطی اور خلیجی ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔امریکا اور اس کے اتحادی شام میں بشار الاسد مخالف معتدل قوتوں کی حمایت کرنے کے آرزو مند ہیں۔ اس حوالے سے اتحادی ملک باغی فوج کی تربیت اور انہیں مسلح کرنے کے لئے کوششوں میں ہیں۔ لیکن داعش ان تمام کوششوں کے باوجود ابھی تک کسی بڑے نقصان سے دوچار نہیں ہو سکی ہے۔