شامی اپوزیشن کی عسکری امداد جاری رکھیں گے: سعودی وزیر خارجہ
ریاض(صباح نیوز)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف لڑنے والی اعتدال پسند اپوزیشن قوتوں کو اسلحہ کی فراہمی کا حامی ہے اور شامی اپوزیشن کی فوجی امداد جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کا پہلے جنیوا اجلاس کی روشنی میں شام کے مسئلے کے حل پر اتفاق موجود ہے۔سعودی وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کی خارجہ و سکیورٹی امور کی انچارج فیڈریکا موگیرینی کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر یورپی ہائی کمشن کی ترجمان برائے خارجہ امور مسز موگیرینی کا کہنا تھا کہ شام کے سیاسی مستقبل میں بشار الاسد کا کوئی کردار قابل قبول نہیں ہے، انہیں امید ہے کہ شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ہونے والی بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شام کے بحران کا فوجی نہیں بلکہ سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہیے تاکہ مصیبت کا شکار شامی عوام کو سکھ کا سانس لینے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔
سعودی وزیر خارجہ