افغانستان کے مسئلہ کا فوجی حل نہیں‘ بھارت کیساتھ پرامن مذاکرات کیلئے تیار ہیں: سیکرٹری خارجہ
برسلز (این این آئی+ صباح نیوز) سیکرٹری خارجہ اعزاز چودنری نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے، مسائل کے حل کیلئے بھارت کیساتھ پرامن مذاکرات پر تیار ہیں۔ افغانستان کے مسئلہ کا فوجی حل نہیں ہے، وہاں امن کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ پاکستان اور یورپی یونین سالانہ مذاکرزت میں شرکت کیلئے برسلز آمد پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیربنیادی مسئلہ ہے اور تمام مسائل کے حل کیلئے بھارت کے ساتھ پرامن مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، عسکریت پسندی کا براہ راست نتیجہ افغان جنگ کی صورت میں نکلا اور پاکستان اس دہشت گردی کا بڑا نشانہ بنا۔ آپریشن ضرب عضب میں فاٹا میں دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا گیا۔ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور اس کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کے عوام کو ثمرات حاصل ہوں گے۔ صباح نیوز کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا افغانستان کا مسئلہ عسکری کارروائی سے حل ہوتا تو گزشتہ 15 برسوں میں افغانستان میں امن قائم ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتاہے اور افغانستان میں امن ہوگاتو پاکستان میں امن قائم ہوگا، امن کیلئے طالبان سمیت تمام افغان دھڑوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مری مذاکرات کے ذریعے تشدد پر قابو پانے کی امید تھی لیکن نوشکی ڈرون حملے سے مذاکرات کو نقصان پہنچا، پاکستان کی داخلی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن کیلئے پاکستان، افغانستان، امریکہ اور چین کو مل کر بیٹھنا ہوگا، افغانستان میں امن صرف مذاکرات سے آئیگا، عسکری کارروائی سے نہیں۔ پاکستان یورپی یونین سے مضبوط تعلقات چاہتا ہے جس میں سیاسی، جمہوری، سٹریٹجک ڈائیلاگ شامل ہیں اور پاکستان کا اگلا ہدف یورپی یونین سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ ہے۔
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے گزشتہ 15 برس سے افغانستان میں طاقت کے استعمال کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ طاقت کے استعمال سے افغانستان میں پائیدار امن لانے میں مدد نہیں ملے گی۔ پاکستان نے افغانستان میں جاری امن ومفاہمت کے عمل کے لیے مخلصانہ کوشش کی ہیں۔ آسٹریلوی نائب وزیر برائے امور خارجہ و تجارت اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان رائس ویلز سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے پاکستان ، آسٹریلیا دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آسٹریلوی نمائندہ خصوصی رائس ویلز نے کہا آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے افغانستان میں مفاہمتی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔