پاکستان کے بغیر افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا: امریکی اخبار

واشنگٹن + کابل (اے پی اے) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق افغانستان میں امن لانے کے لئے افغان حکومت کو پاکستان کی مدد کی ضرورت ہے۔ پاکستان ہی کے تعاون سے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکتا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ طالبان کرزئی حکومت کی نسبت امریکہ اور اپوزیشن سے مذاکرات کو ترجیح دیتے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اعلیٰ حکام نے دورہ پاکستان کے دوران افغانستان میں قیام امن کے لئے مزید طالبان رہنما¶ں کی رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ ملک میں جاری 11 سالہ طویل جنگ کو مذاکرات کر کے افغانستان میں مستقل قیام امن کو یقینی بنا کر تھکا دینے والی اس جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دہشت گردوں کے ساتھ گہرے مراسم ہیں اور انہیں پاکستانی اداروں کی سپورٹ حاصل ہے جسے پاکستانی حکومت نے ہمیشہ مسترد کر دیا ہے۔