آئی ایم ایف کے سابق سربراہ اور ہوٹل ملازمہ میں 60لاکھ ڈالر کا معاہدہ

نیویارک (نمائندہ خصوصی) آئی ایم ایف کے سابق سربراہ ڈومینک سٹراس کیہان کا ہوٹل کی ملازمہ کے ساتھ تصفیہ طے پا گیا ہے۔ دونوں کے درمیان تصفیہ کی تفصیلات برانکس سپریم کورٹ میں طے پائیں تاہم اس معاہدہ کو خفیہ رکھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سٹراس کو مئی 2011ءمیں اس وقت نیویارک میں گرفتار کر لیا گیا تھا جب ہوٹل کی ملازمہ ڈیلو نے آئی ایم ایف کے سابق سربراہ پر جنسی حملے کا الزام لگایا تھا۔ بعدازاں استغاثہ کاروں نے الزامات حذف کر دئیے تھے۔ انہیں تشویش تھی کہ ڈیلو کی باتیں قابل اعتماد نہیں ہیں۔ فرانس کے اخبار لی مانڈے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹراس، ڈیلو کو 60لاکھ ڈالر ادا کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نصف رقم سٹراس کیہان ادا کریں گے اور نصف انکی سابقہ اہلیہ بطور قرضہ دیں گی۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے الزامات ختم کئے جانے کے بعد ڈیلو نے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔