حافظ آباد: بیلف پر تشدد، عدالت کے حکم پر تھانہ جلالپور بھٹیاں کے ایس ایچ او سمیت عملہ کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) بیلف پرتشدد کرنے پر تھانہ جلالپور بھٹیاں کے ایس ایچ او انصر فاروق مان سمیت تمام عملہ کیخلاف سیشن جج کے حکم پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ عدالت نے انصر فاروق مان کو ایس ایچ او کی پوسٹ کیلئے مس فٹ قرار دیدیا گیا۔ چند روز قبل عدالتی بیلف منیر احمد عدالت کے حکم پر تھانہ جلالپور بھٹیاں کی تحویل میں مبینہ طور پر حبس بیجا میں رکھے دیہاتیوں کو بازیاب کروانے کیلئے تھانہ گیا تو وہاں پر ایس ایچ او جلالپور بھٹیاں اور دیگر عملہ نے عدالتی بیلف کو حبس بیجا میں رکھ کر نہ صرف کار سرکار میں مداخلت کی بلکہ بیلف کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس پر سیشن جج حافظ آباد اشتر عباس نے ایس ایچ او انصر فاروق مان اور تھانہ کے عملہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔