حافظ آباد : سینٹری ورکر کا احتجاجی مظاہرہ، تنخواہوں کی ادائیگی پر ختم

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ٹی ایم اے حافظ آباد کے سینٹری ورکرز نے گذشتہ روز کرسمس کے موقع پر تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیاجس کے قیادت سی بی اے یونین کے صدر اسحاق کھوکھر اور استاد اسلم نے کی۔اس موقع پر سینٹری ورکرز نے کہا کہ انہیں کرسمس سے قبل تنخواہیں اداکی جانی تھیں جو انہیں ابھی تک ادا نہ کی گئیں۔ جس کیوجہ سے انہیں اپنے بال بچوں کے کپڑے اور عید کا دیگر سامان خریدنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیشنل بینک مین برانچ حافظ آباد کے مینجر سعید عارف فاروقی نے ذاتی دلچسپی لیکر ملازمین کی تنخواہوں کے چیک کو فوری پاس کرواکے تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کردیں۔جس پر سینٹری ورکرز بینک مینجر سعید عارف فاروقی اور ٹی ایم اے کے افسران کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے گھروں کو لوٹ گئے۔