حافظ آباد: نوکری سے نکالے گئے کانسٹیبل کا غربت کے ہاتھوں اقدام خودسوزی تشویشناک حالت میں لاہور ریفر
حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) محکمہ پولیس حافظ آباد کے پولیس کانسٹیبل نے ملازمت سے برخاستگی کے بعد تنگدستی سے تنگ آکر خود کو آگ لگا لی جس پر اسے تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ میاں داکوٹ گلی نمبر 2حافظ آباد کے محمد عثمان کانسٹیبل کو چند ماہ قبل تھانہ کسوکی میں فرائض میں غفلت کے الزام میں ملازمت سے برخاست کردیا گیا‘ وہ تنگدستی کا شکار چلا آرہا تھا۔ گذشتہ روز اسی تنگدستی سے تنگ آکر اس نے کولو روڈ کے قریب کھیتوں میں جاکر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جسم کا پچاس فیصد سے زائد حصہ جل گیا۔ ڈاکٹروں نے اسکی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور ہسپتال ریفر کردیا۔