’’یوم حضرت علی جمعتہ الوداع اور عید پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں‘‘

گجرات( نامہ نگار)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں یوم علی ؑ کے جلوسوں، تروایح، اعتکاف، جمعتہ الوداع، اورعیدالفطر کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، ضلع میں امن و امان برقراررکھنے کیلئے امن کمیٹی کے ممبران اور شہری بھی اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قائمقام ڈی پی او کامران ممتاز، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم این ایز چوہدری جعفر اقبال، نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی ایز چوہدری اشرف دیونہ، حاجی عمران ظفر، میجر (ر) معین نواز، چوہدری شبیر احمد، ڈاکٹر طارق سلیم و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ، ڈی او سی ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنرز نورالعین، ذوالفقار باگڑی ، ای ڈی اوز، سینر صحافی طفیل میر، راجہ ریاض احمد راسخ و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ یوم علی ؑ کے موقع پر ٹی ایم ایز صفائی، لائٹنگ کا خصوصی انتظام کریں، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے نیز مجالس کے منتظمین سے ملکر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے نیز خطرناک عمارتوںکا سروے کرایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ مجالس، جلوسوں، اعتکاف، جمعتہ الوداع کے اجتماعات کے لئے پولیس نے سکیورٹی کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ممبران اور شہری اپنے گردو پیش پر نظر رکھیں، بغیر شناخت مکانات کرایے پر نہ دیے جائیں اور کرایہ دار کے بارے میں فوری متعلقہ پولیس کو مطلع کیا جائے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ضلع میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے جی ٹی روڈ پر شہباز شریف پارک کے قریب بڑی جامع مسجد و عیدگاہ تعمیر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جہاں ہر قسم کی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر شہری سر بسجودہو سکیں گے۔