فیصلہ جے آئی ٹی نہیں‘ سپریم کورٹ نے کرنا ہے: شجاعت

گجرات (نامہ نگار )ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے یونین کونسل پیروشاہ کے مسلم لیگیوں سے گفتگو میں کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہے اور عوام یاد رکھیں گے جے آئی ٹی فیصلہ نہیں کریگی فیصلہ سپریم کورٹ کریگی اور انصاف کیلئے تمام پارٹیز یکجا ہیں، لوگ ووٹ ہمیں دیتے ہیں مگرنکلتے صندوقچوں سے مخالفین ہیں ، پانامہ کیس فیصلہ تک نوازشریف وزیر اعظم کے اختیارات کو استعمال نہ کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔ہماری سیاست کا آغاز گجرات سے ہو ا اور گجرات کی عوام نے ہمیں ملک کی شہرت تک پہنچایا انہیں کبھی بھلا نہیں سکتا ۔ وقت اور حالات بدلتے رہے، نشیب و فراز زندگی کا حصہ ہیں، مشن جاری رکھیں گے ، وقت آنے پر دوبارہ ترقی کا پہیہ چلے گا اور ملک دوبارہ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔