نواز شریف کے قافلے کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق،9 سالہ بچہ سپردخاک

گجرات (آئی این پی +صباح نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف کے پروٹوکول میں شامل گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے 9 سالہ بچے حامد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن)‘پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق مشن جی ٹی روڈ کے دوران گجرات میں داخلے کے وقت نوا زشریف کے قافلے میں شامل تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوا جس کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ کے علاقے بہار کالونی گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے وفاقی وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال ،تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ اور پیپلز پارٹی کے رہنما تنویر اشرف کائرہ بھی موجود تھے۔ادھر ڈی پی او گجرات نے پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کی تاحیات مدد کے لیے تیار ہے۔ وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ عنقریب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جاںبحق ہونے والے بچے کے گھر آئیں گے جبکہ وزیراعلیٰ نے پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جوواقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ڈی سی گجرات علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کے خلاف واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور گاڑیوں کی فوٹیج کی مدد سے جلد ذمہ داروں کا تعین کر لیا جائے گا اور ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے گا۔
بچہ/سپردخاک