گوجرانوالہ: گیپکو یونینز میں اختیارات کی جنگ، دفاتر کی تالا بندی کردی

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گیپکو یونینز میں اختیارات کی جنگ،گیپکو انتظامیہ بے بس ہوگئی۔ ہائیڈرو یونین کے عہدیدران اور ورکروں نے ریجن کی تمام ڈویژن کی تالہ بندی کردی۔ گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنی میں اس وقت دو یونین جن میں ہائیڈرو یونین اور پیغام یونین شامل ہیں، عرصہ دراز سے کام کررہی ہیں اور یونینز کے عہدیداران اور ورکرز اختیارات کی جنگ میں محکمہ گیپکو اور صارفین کا شدید نقصان کررہے ہیں۔ دو روز قبل ہائیڈرو یونین اور پیغام یونین کے ورکروں میں جھگڑا ہوا جس کے مابین دونوں پارٹیوں نے تھانہ ماڈل ٹائون میں ایک دوسرے کے خلاف درخواستیں بھی کروائیں جس کے بعد ہائیڈرو یونین کی جانب سے ہڑتال کردی اور ریجن کی تمام ڈویژن کی زبردستی تالہ بندی کردی جس پر ہزاروں صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور شام گئے تک ریجن کے کسی بھی واپڈا دفتر میں کام نہ شروع کیا جاسکا جبکہ چیف گیپکو اس سارے مسئلے پر چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہے اور یونین کے جھگڑوں کے سامنے مکمل بے بس بھی نظر آرہا ہے۔