گوجرانوالہ: چالان جمع کرانے سے انکار، وارڈنز کا پولیس چوکی میں رکشہ ڈرائیور پر وحشیانہ تشدد

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) چالان جمع نہ کروانے پر وارڈنز نے رکشہ ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ موڑ کا رہائشی محنت کش عمران رکشہ پر سامان لوڈ کر کے لے جا رہا تھا جسے شیرانوالہ باغ کے قریب ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈنز نے روک لیا اور ایک ہزار روپے کا چالان کر دیا، رکشہ ڈرائیور کی جانب سے چالان کی رقم کم کروانے کیلئے منت سماجت پر ٹریفک وارڈن طیش میں آگیا اور رکشہ ڈرائیور کو وارڈن قریبی پولیس چوکی لے گیا جہاں پر موجود دیگر ٹریفک وارڈنز نے مل کر رکشہ ڈرائیور کو چالان کی رقم جمع کروانے سے انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اور وارڈن نے محنت کش کیخلاف الٹا کارروائی کیلئے استغاثہ دائر کر دیا تاہم پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو ہتھکڑی لگانے کے بعد طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔