گوجرانوالہ: سرکاری پرائمری اور ہائی سکولوں سے ہزاروں طلبہ ڈراپ آئوٹ‘ 2014ء میں داخل ہونیوالے طالب علم تعلیم مکمل نہ کر سکے

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ہائی اور پرائمری سکولوں سے ہزاروں طلبہ ڈراپ کردئیے گئے جس کے باعث 2014ء میں داخل ہونے والے طلبہ اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکے۔ محکمہ تعلیم نے ہیڈ ماسٹرز سے جواب طلبی کرلی۔ فہرستیں پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے پرائمری اور ہائی سکولوں سے پچھلے تین سال کا انرولمنٹ ریکارڈ طلب کیا تھا جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 83 پرائمری سکولوں میں جماعت سوم میں داخل ہونے والے سینکڑوں طلبہ جماعت پنجم تک اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکے۔ اسی طرح 2014ء میں جماعت ششم میں داخل ہونیوالے 168 ہائی سکولوں کے طلبہ بھی جماعت ہشتم تک پہنچنے سے قبل ہی ڈراپ کردئیے گئے ہیں۔