گوجرانوالہ: شوہر کے مبینہ تشدد سے حاملہ خاتون جاں بحق، ورثاء کا سی پی او آفس کے باہر احتجاج

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) شوہر کے مبینہ تشدد سے حاملہ خاتون جاں بحق ہو گئی، ورثاء کا سی پی او آفس کے باہر نعش رکھ کر احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق اعوان چوک کے رہائشی مدثر کی چار سال قبل نائلہ سے شادی ہو ئی تھی جن کا ایک بیٹا ہے، مدثر نے کچھ عرصہ قبل دوسری شادی رچا لی۔ اس بات کا علم ہونے پر دونوں میاں بیوی کے مابین تلخ کلامی ہو گئی تو اس دوران مدثر نے مبینہ طور پر نائلہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اسکی حالت غیر ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گئی۔ نائلہ حاملہ تھی، خاتون کے ورثاء نے اسکی نعش سی پی او آفس کے باہر رکھ پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مزید الزام عائد کیا کہ اس نے اپنی دوسری بیوی کی بات مان کر نائلہ کو قتل کیا ہے۔ انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے تاہم تھانہ اروپ پو لیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔