گوجرانوالہ: چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، ساتھی زخمی ‘شاہدرہ میں 6 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر

گوجرانوالہ/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر) بوسیدہ دیوار گرنے سے ملبے کے نیچے دب کر ایک مزدور جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ لدھیوالہ وڑائچ کا رہائشی مزدور امانت علی محنت کش ریاض کے ہمراہ اعوان چوک میں دیوار کی تعمیر کرا رہا تھا اس دوران بوسیدہ دیوار اچانک ان پر آگری جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب جانے سے امانت علی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ریاض زخمی ہو گیا۔ شاہدرہ ٹائون کے علاقہ میں گھرکی چھت سے زخمی ہونے والوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے تاہم زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ جمعہ کی رات گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹیوں سمیت 6 افراد ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے تھے۔ مکان کی چھت شدید خستہ حالی کے باعث گری۔ معلوم ہوا ہے شاہدرہ ٹائون کے علاقہ پرانی راوی پل کا رہائشی آصف دیگر اہل خانہ کے ساتھ چھت پر سو رہا تھا گھر کی چھت لکڑی کے بالوں سے بنی تھی جو اچانک زور دار دھماکے سے نیچے آگری جس سے آصف‘ عائشہ‘ آسیہ‘ علیشہ‘ عمر حفیظ اور زینب بی بی نیچے آگرے اور زخمی ہوگئے۔