گوجرانوالہ جعفر ایکسپریس کو حادثہ بوگیاں جوہڑمیں جاگریں 35 سے زائد مسافر زخمی
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )راولپنڈی سے لاہور آنیوالی جعفر ایکسپریس گوجرانوالہ میں چنددا قلعہ کے قریب الٹ جانے کے باعث تین بوگیاں جوہڑ میں جا گریں، جس کے نتیجہ میں 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے لاہور جانے والی جعفر ایکسپریس گوجرانوالہ میں چند ا قلعہ بائی پاس کے قریب الٹ گئی، جس کے باعث اسکی تین مسافر بوگیاں قریبی جوہڑ میں جا گریں ، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ،پولیس اور مقامی تنظیموں کے نمائندوں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ، ریسکیو اہلکاروں کے مطابق تیس سے زائد افراد زخمی ہو ئے ہیں، حادثہ کے دوران شدید زخمی ہونیوالے تین مسافروں پنتالیس سالہ وقاص ، ڈیرہ غازی خان کے چالیس سالہ جاوید اور شہباز کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ باقی مسافروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کر دیا گیا ۔ دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع سے شوہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق گذشتہ شب رات گئے تک کچھ لوگ ریلوے ملازمین کے طور پر اس پٹڑی پر کام کرتے رہے ہیں ، اعلی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں ، اور جلد ہی تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔
ٹرین حادثہ