امریکہ کی پالیسی الزام تراشیوں پر مبنی ہے واضح موقف دینگے: خرم دستگیر

گوجرانوالہ (آن لائن) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امریکہ کی پالیسی الزام تراشیوں پرمبنی ہے۔ نواز شریف آئندہ ہفتے تک واپس آ جائیں گے۔ اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی افغان پالیسی کو پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مسترد کر دیا کیونکہ امریکی صدر کی پالیسی الزام تراشیوں پر مشتمل ہے اور ہم اس پالیسی پر واضح موقف کے ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جا رہے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی جائیں گے جو پاکستان کا افغان پالیسی اور دہشتگردی کے حوالے سے واضح موقف دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد سیاسی و عسکری حکام کا امریکہ سے رابطہ نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نواز شریف سات دن میں واپس آ جائیں گے وہ اپنی اہلیہ کی تیمارداری کے لئے لندن میں مقیم ہیں۔
خرم دستگیر