کامونکے: نجی گرلز کالج میں ڈبہ پیک ٹائم بم پھٹ گیا، 3 طالبات شدید زخمی

کامونکے+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ڈبہ میںپیک ٹائم بم پھٹنے سے فرسٹ ایئر کی تین طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔ نواحی گائوں دھینسر پائیں کے عصمت میموریل گرلز ہائی سکول میں زیرتعلیم طالبات صبح سکول ٹائم سے قبل دھوپ سینکنے چھت پر گئیں جہاں پڑے گفٹ پیک ( ٹائم بم )کو دیکھ کر متجسس انداز میں کلاس روم میں لے آئیں اور پنسل سے کھولتے ہوئے زوردار دھماکہ ہوگیا جس سے فرسٹ ایئر کی طالبہ 16 سالہ منیبہ دختر جاوید سکنہ قہر والی کا دایاں ہاتھ جوڑ تک کٹ کر علیحدہ ہوگیا جبکہ ٹانگیں بھی زخمی ہوئیں۔ ساتھی طالبہ 15 سالہ جویریہ دختر محمد اسلم سکنہ دوبرجی آرائیاں آنکھوں میں آتش گیر مادہ داخل ہونے سے آنکھیں ضائع کا خدشہ ہے اور اُم خدیجہ بھی معمولی زخمی ہوگئیں۔ سونیا نامی ٹیچر محفوظ رہی، خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلتے ہی والدین اپنے بچوں کی خیریت دریافت کرنے دیوانہ وار روتے ہوئے سکول میں پہنچ گئے وقوعہ کی اطلاع پر سی پی او گوجرانوالہ محمد وقاص نذیر، ایس پی صدر گوجرانوالہ، ڈی ایس پی کامونکے اور ایس ایچ او واہنڈو بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو 1122 کے ذریعے زخمی طالبات کو گوجرانوالہ ہسپتال پہنچا دیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے وقوعہ پر پہنچ کر گفٹ پیک بم دیگر شواہد قبضہ میں لے لئے اور تفتیش شروع کر دی۔