ڈسکہ : باپ نے زمین کے تنازعہ پر بیٹے بیٹی اور ساس کو قتل کر دیا
ڈسکہ (نامہ نگار ) ڈسکہ کے نواحی گاؤں لوڑھکی گورائیہ میں زمین کے تنازعہ پر باپ نے بیٹی، بیٹے اور خوشدامن کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ڈسکہ کے موضع لوڑھکی کے رہائشی عباس گورائیہ کا اپنی بیوی بسم اللہ بی بی سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا اور اسی وجہ سے بسم اللہ نے خاوند سے علیحدہ ہو کر گائوں میں ہی نیا مکان تعمیر کر کے اپنی والدہ شریفاں بی بی ، اپنی بیٹی 18سالہ تنزیلہ، بیٹے 16سالہ ابوبکر کے ہمراہ وہاں رہائش پذیر ہو گئی۔گزشتہ شب ملزم عباس نے مذکورہ گھر کی چھت پر سوئے ہوئے ابوبکر، تنزیلہ اور شریفاں بی بی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اس کی بیوی بسم اللہ کمرے میں سوئی ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ بچ گئی، ذرائع کیمطابق ملزم نے غلطی سے بیوی کی بجائے اپنی خوشدامن کو قتل کیا۔ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کر لیا ۔ادھر آن لائن کے مطابق عباس گورائیہ کی 17سال قبل محض شادی کے 3سال بعد اپنی بیوی سے ناچاقی ہو گئی تھی اور بسم اللہ بی بی اپنی بیٹی اور بیٹے کو لے کر اپنے میکے آ گئی تھی اور اسوقت سے ابتک وہیں مقیم تھی۔جس کا ملزم عباس کو رنج تھا۔