کراچی: فائرنگ کے واقعات تیز، 2 ٹریفک پولیس اہلکار، ایک شہری جاں بحق
کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے علاقے نیپا چورنگی پر گزشتہ شام 2 موٹر سائیکل سواروں نے چورنگی پر اتوار بازار کے باہر ڈیوٹی کرنے والے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے 2 اہلکار محمد شیر اور نظام الدین جاں بحق اور حملہ آور فرار ہوگئے۔ اہلکاروں کی نعشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کوگھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ دریں اثناء ناظم آباد دو نمبر کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ان افراد کی فوری شناخت ظاہر نہیں ہوسکی۔ علاوہ ازیں صدر کے علاقے پریڈی سے سب انسپکٹر عبدالستار صبح سویرے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ سارا دن اس کی پولیس تلاش کرتی رہی تاہم سب انسپکٹر شام کو ہجرت کالونی میں اپنے گھر واپس پہنچ گیا۔ ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق سب انسپکٹر عبدالستار کا آج بیان لیا جائے گا۔ اسے اغوا کیا گیا یا کوئی اور معاملہ ہے، اس کا تحقیقات میں پتہ چلے گا۔ دوسری طرف پولیس نے ملیر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر چکراگوٹھ میں 9 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے 6 کارکنوں شبیر، نوید، عثمان اور رفیق وغیرہ کو گرفتار کرلیا۔ رفیق نے دوران حراست چکرا گوٹھ میں پرائیویٹ وین پر فائرنگ کرکے 9 پولیس اہلکاروں کے قتل کا اعتراف کرلیا۔