پاکستان، بیلا روس کے درمیان دفاعی پیداوار اور تجارت سمیت20 شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے معاہدے ، ایم او یوز

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پاکستان اور بیلاروس نے تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت اور دفاعی پیداوار سمیت 20 شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو بھی موجود تھے جنہوں نے قبل ازیں ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ دونوں ممالک نے پاکستان بیلاروس شراکت داری سے متعلق اعلامیہ اسلام آباد اور سول و کمرشل امور میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدہ کیا، بیلاروس ٹیلی گراف ایجنسی اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، وزارت قانون، انصاف و انسانی حقوق اور بیلاروس کی وزارت انصاف کے درمیان ایم او یو، ثقافتی شعبہ میں تعاون کے لئے معاہدے، بیلاروس کی وزارت ثقافت اور وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے درمیان معاہدے، اطلاعات و مواصلات کے شعبہ میں تعاون کے لئے معاہدے، زرعی شعبہ میں تعاون کے لئے وزارت خوراک و زراعت اور پاکستان کی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی ریسرچ کے درمیان ایم او یو، دفاعی پیداوار کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون، پاکستان اور بیلاروس کی خارجہ وزارتوں کے درمیان دوطرفہ مشاورتی میکنزم کے قیام سے متعلق ایم او یو، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کے لئے معاہدے، تعلیمی شعبوں میں تعاون کے معاہدے، قائداعظم یونیورسٹی اور بیلاروس سٹیٹ یونیورسٹی، نیشنل لائبریری آف بیلاروس، نیشنل لائبریری آف پاکستان کے درمیان تعاون سے متعلق معاہدے، نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان کی اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان ایم او یو، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون، مشترکہ تجارتی کونسل کے قیام کیلئے دو معاہدوں، پنجاب حکومت اور موجی لیف ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی آف بیلاروس کے درمیان بین العلاقائی تعاون سے متعلق معاہدے، سٹیٹ انسٹیٹیوشن آف نیشنل ایجنسی آف انوسٹمنٹ اور پرائیویٹائزیشن آف بیلاروس کے درمیان تعاون سے متعلق اور بورڈ آف انوسٹمنٹ پاکستان، وزارت صنعت و پیداوار اور بیلاروس کی وزارت صنعت کے درمیان ایم او یو، بیلاروس کے نیشنل سٹیٹ ٹی وی اینڈ ریڈیو کمپنی اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط کئے۔ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب ہوئی۔ نواز شریف نے بیلا روس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات میں اضافے پر خوشی ہے۔ پاکستان بیلاروس سے تجارت، معیشت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان چیمبر آف کامرس کے روابط میں اضافہ ہونا چاہئے۔ ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر غور کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے بھی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔ پاکستان اور بیلا روس کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور بیلاروس کے صدر نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیلا روس کے صدر کی پاکستان آمد پر خوشی ہے۔ بیلاروس کے کسی بھی سربراہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وفد کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امن و استحکام کے لئے مشترکہ ہدف حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ عالمی تنظیموں میں موثر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی اصلاحات کو جمہوری اور موثر بنانے میں کردار ادا کرینگے۔ دونوں ممالک کے معاہدے مستقبل کے تعاون کے عکاس ہیں۔ پاکستان بیلا روس بزنس فورم باہمی تعاون کو مستحکم کرے گا۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے کہا کہ پرتپاک خیر مقدم پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں۔ دونوں ملکوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف کا بیلاروس کا دورہ بہت اہم ہوگا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ملکوں میں تعاون کے نئے افق موجود ہیں پاکستانی کمپنیوں کو بیلاروس میں کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں پاکستان میں ٹیکسٹائل کی صنعت کے لئے خام مال دستیاب ہے صنعت و ٹیکسٹائل میں پاکستان سے اشتراک چاہتے ہیں۔