حکومتی اعلان کے باوجود بیشتر سی این جی سٹیشن بند رہے، مالکان کا شرائط تسلیم کرنے سے انکار

اسلام آباد( آئی این پی ) حکومت نے اسلام آباد اورپنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تاہم سی این جی پمپ مالکان نے حکومتی شرائط تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور اسی وجہ سے حکومتی اعلان کے باوجود گزشتہ روز سی این جی سٹیشنز بند رہے جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ایک روز قبل حکومت کی طرف سے سی این جی سٹیشنز کھولنے کیلئے دو شرائط رکھی گئی تھیں کہ سی این جی سٹیشنز مالکان سکیورٹی کے طور پر بارہ لاکھ روپے تین روز کے اندر جمع کروائیں اور صرف وہی سی این جی سٹیشنز کھلیں گے جو نادہندہ نہیں۔ سی این جی سٹیشنز کو گیس 57 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کئے جانے پر متعدد سی این جی سٹیشنز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے کڑی شرائط رکھی گئی ہیں، ہمارے پاس بارہ لاکھ روپے نہیں ہیں اور ہم نادہندہ بھی ہیں۔ واضح رہے حکومتی اعلان کے بعد پنجاب کے سولہ سو سی این جی سٹیشنزمیں سے صرف تین سو سٹیشنز کھل سکے۔