یوم عاشور پر موبائل سروس بند رہی صارفین کو مشکلات کا سامنا

لاہور (سٹاف رپورٹر+اے پی پی) بڑے پیمانے پر دہشتگردی کے پیش نظر 10ویں محرم کی صبح 6بجے دوبارہ ایک بار موبائل سروس معطل کر دی گئی اور 18گھنٹے بعد اتوار کی رات 12بجے بحال کر دی گئی موبائل سروس معطل ہونے سے صوبائی دارالحکومت سمیت مضافاتی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو گیا اور شہریوں کا ایک دوسرے سے رابطہ مکمل طور پر کٹ گیا۔ بیرون ملک مقیم لاکھوں تارکین وطن بھی اپنے پیاروں سے بات نہ کر سکے نویں اور دسویں محرم میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر لگائی گئی پابندی سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی خریت تک دریافت نہ کر سکے جبکہ شہر میں ہونیوالے حادثات کے متعلق 1122کو کوئی اطلاع بھی نہ کی جا سکی۔ اے پی پی کے مطابق ملک بھرکی طرح پشاورمیں بھی یوم عاشورکے موقع پر موبائل فون سروس بندرہی جسکے باعث موبائل صارفین کومشکلات کاسامنارہا۔ یوم عاشور پروزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر کے52شہروں میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بندکردی گئی تھی۔