حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرالمومنین حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج بیروز پیر 21رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میںسیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ مساجد اور امام بارگاہوں میں مختلف تقاریب منعقد ہونگی جس میں حضرت علیؓ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے۔ مجالس کا اہتمام کیا جائے گا جن میں داماد رسولﷺ کی سیرت مبارکہ اور فضائل بیان کئے جائیں گے۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازے سے آج صبح 9بجے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہواچوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچے گا، جہاں جلوس کے شرکاء نماز ظہرین ادا کریں گے، مرکزی جلوس رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی، بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچے گا اور شام 6 بجے کے قریب کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ وحدت سکاوٹس، حیدری سکاوٹس کے نوجوانان عزاداران کی حفاظت کے لئے موجود ہونگے، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔