پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک آج نواز شریف کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائرکرینگی

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ ) پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک وزیراعظم نوازشریف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کی نا اہلی کیلئے ریفرنسز آج الیکشن کمشن میں دائر کریں گی۔ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم اور انکے خاندان کے افراد کی نا اہلی کیلئے 1000 صفحات پر مشتمل ثبوت جمع کرلئے۔ سردار لطیف کھوسہ وزیراعظم نوازشریف، شہبازشریف ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، میاں حمزہ شہباز شریف 5 لیگی رہنمائوں کیخلاف آج الیکشن کمشن میں ریفرنسز دائر کریں گے۔ وہ الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے تمام ثبوت جمع کروائیں گے۔ اس موقع پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف، جمہوریت، حکومت اور انکے خاندان کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ نوازشریف اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجائیں ورنہ انکو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا، میں نے نوازشریف کے بارے میں تحریک انصاف کے فیصل واوڈا سے بھی ثبوت لئے ہیں۔ دوسری طرف عوامی تحریک کی جانب سے اشتیاق احمد چوہدری ایڈووکیٹ بھی وزیر اعظم نوازشریف اور دیگر افراد کی نااہلی کیلئے آج الیکشن کمشن میں ریفرنسز دائر کریں گے۔ اس حوالے سے عوامی تحریک کا دعویٰ ہے کہ انکے پاس بھی وزیر اعظم کی نا اہلی کیلئے ثبوت موجود ہیں۔ اگر الیکشن کمشن شفاف تحقیقات کریگا تو نوازشریف نا اہل ہوجائیں گے۔