اویس شاہ کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا: نثار، دہشت گردی ختم کرینگے: پرویز رشید
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ چودھری نثار نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو یقین دلایا ہے کہ ان کے مغوی بیٹے اویس شاہ کی بازیابی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی وزیر نے چیف جسٹس سے ان کے بیٹے اویس شاہ کے اغواء پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اویس شاہ کو جلد بازیاب کرا لیں گے۔ گورنر اور وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ اویس شاہ کی بازیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو بازیابی سے متعلق کوششوں پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں وزیرداخلہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق گورنر سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں شدت پسندوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے بریف کیا۔ وزیر داخلہ اور گورنر سندھ امجد صابری کے گھر بھی گئے۔ انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہیں امجد صابری کیس میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ امجد صابری کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ واقعہ میں جو بھی ملوث ہو گا اسے گرفتار کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی اور امجد صابری پاکستان کے ہیرو ہیں ۔ دونوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشناس کرایا۔ عبدالستار ایدھی کی خدمات کے سامنے پاکستان کے تمام اعزازات کم ہیں۔ ان کی شخصیت بہت بڑی اور اعزازات بہت چھوٹے ہیں۔ امجد صابری پر حملے کا مقصد یہ ہے شر کی قوتوں نے خیر پر حملہ کیا ہے لیکن ہم متحد ہوکر شر کی قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔ قوم امجد صابری کی امن کی شمع اور مشن کو جاری رکھیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کراتا ہوں کہ امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزموں کوجلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کی عیادت اور لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر نہال ہاشمی کے ہمراہ میٹھا در میں واقع ایدھی ہاؤس گئے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی خیریت دریافت کی۔ انہیں گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ آئی این پی کے مطابق پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے۔