کلر کہار: اونچی آواز میں میوزک سننے پر چچا نے بھتیجی قتل کر دی
کلرکہار (ثناء نیوز) ضلع چکوال کی وادی کلرکہار میں ایک شخص نے اونچی آواز میں موسیقی سننے کی وجہ سے پیدا ہونے والے تنازعے کے باعث اپنی ایک 17 سالہ بھتیجی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کا نام ریحانہ تھا اور عمر 17 سال تھی، وہ گھر پر اکیلی تھی اور موسیقی سن رہی تھی۔ اسی وقت اس کا 20 سالہ چچا محمد گلستان گھر آیا اور اس نے ریحانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ موسیقی کی آواز کم کر دے۔ سادات علی نے بتایا کہ ریحانہ نے اپنے چچا کی بات ماننے سے انکار کر دیا جس پر دونوں کے مابین جھگڑا شروع ہو گیا اور گلستان نے گولی مار کر ریحانہ کو قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے بقول مبینہ قاتل گلستان ابھی تک مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق بظاہر یہ قتل اونچی آواز میں سنی جانے والی موسیقی کے باعث پیدا ہونے والے جھگڑے کا نتیجہ ہے، ابھی تک ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ مقتولہ کے خاندان میں پہلے سے کوئی ایسا جھگڑا موجود تھا جو درپردہ اس قتل کی وجہ بنا ہو۔ ہیومن رائٹس کمشن کے مطابق 2013ء میں پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے 869 کیسز میڈیا میں رپورٹ ہوئے تھے۔