’’ہے نہ کمال‘‘ سوات میں 7 مرتبہ پولیو ویکسین پینے والا بچہ مرض کا شکار ہوگیا
لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) خیبرپی کے کے ضلع سوات میں پولیو کا ایک نیا مریض سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق سوات میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پولیو کا یہ پہلا کیس ہے جو خوازہ خیلہ کے علاقے تاروگے میں رپورٹ ہوا۔ ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر سید علی خان نے بی بی سی اردو کے انور شاہ کو بتایا کہ پولیو سے متاثرہ 2 سالہ بچے کو سات بار پولیو ویکسین دی گئی تاہم اس کے باوجود وہ اس بیماری کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو تحقیقات کے لئے کہا گیا ہے کہ ویکسین پینے کے باوجود یہ بچہ کیسے اس مرض کا شکار ہوا۔ خیال رہے کہ یہ مریض ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صوبے بھر میں پولیو کی ویکسین پلانے کی مہم ایک مرتبہ پھر جاری ہے۔ 2014ء میں اب تک ملک بھر میں ایسے مریضوں کی تعداد 262 ہوچکی ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام قبائلی علاقوں سے ہے۔