سعودی عرب: منشیات سمگلنگ کے جرم میں اکتوبر سے اب تک آٹھویں پاکستانی کا سر قلم
ریاض (اے ایف پی) سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ کے جرم میں ایک اور پاکستانی کا سر قلم کر دیا گیا۔ سعودی عرب کی جانب سے رواں سال غیرملکی 73منشیات فروشوں کو سزائے موت دی گئی جن میں سے سیف الرحمن گولا جان آٹھواں پاکستانی ہے جس کا گزشتہ روز سر قلم کر دیا گیا۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیف الرحمن کو پیٹ میں منشیات چھپاکر سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ملک میں منشیات کے خلاف جنگ کو کامیاب کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ واضح رہے اکتوبر کے وسط سے اب تک 8 پاکستانیوں کے سر قلم کئے جا چکے ہیں۔