ہربنس پورہ میں جائیداد کے تنازع پر باپ 3 بیٹوں سمیت قتل

لاہور (سٹاف رپورٹر) ہربنس پورہ کے علاقے میں  دو بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر باپ اور اسکے تین بیٹوں کو قتل کردیا گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے ہربنس پورہ کے علاقے فتح گڑھ کی گلی نمبر 18 میں دو سگے بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا جس پر متعدد بار دونوں میں جھگڑا بھی ہو چکا تھا۔ گزشتہ رات مخالف گروپ نے  فائرنگ کردی جس سے محمد عمر اور اسکے تین بیٹے علی رضا، محمد اکرم اور رفاقت علی شدید زخمی ہوگئے جنہیں شالیمار ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ایس پی کینٹ کے مطابق دونوں بھائیوں میں جائیداد کے تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔مزید برآں خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول عمر کی بیٹی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ مقتول کی بیٹی نے والد کا گھر اپنے نام کروا لیا جس پر جھگڑا ہوا۔ مکان کے معاملے پر پنچایت کے دوران فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ سے باپ اور اس کے 3 بیٹے ہلاک ہوئے۔