پاکستان کا بھارت سے ہاٹ لائن پر رابطہ، کنٹرول لائن پر مردم شماری سے متعلق آگاہ کیا: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (آن لائن) پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے مابین ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں بھارتی حکام کو کنٹرول لائن کے قریب شمار کنندگان کی نقل و حرکت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے۔ جس میں سول و فوجی شمار کنندگان کی نقل و حرکت سے متعلق بھارتی فوج کو پیشگی آگاہ کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں ایل او سی پر واقع دیہات ، گھروں تک سول و فوجی شمار کنندگان پہنچ رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایل او سی پر واقع دیہات اور گھر بھی مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں شامل ہیں۔ ٹی وی کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کو آگاہ کرنے کا مقصد مردم شماری عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔